افغانستان سے انخلا مکمل ہونے پر کابل چھوڑنے والے آخری امریکی فوجی کی تاریخ ساز تصویر وائرل ہو گئی۔ گزشتہ روز 20 سال کی طویل جنگ کے بعد امریکا نے افغانستان کو مکمل طور پر خالی کر دیا ہے، امریکا نے طالبان کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن پر عمل درآمد کرتے ہوئے کابل ایئرپورٹ بھی خالی کر دیا۔ دوسری جانب پینٹاگون نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان سے تمام امریکی افواج کا انخلا مکمل ہو گیا ہے اور اب کابل میں واقع حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ خالی ہو چکا ہے تاہم کابل ائیرپورٹ سے روانہ ہونے والے آخری امریکی میجرجنرل کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ میجرجنرل کرس ڈوناہو کی نائٹ وژن کیمرے سے لی گئی تصویر نے سوشل میڈیا اور دیگر ویب سائٹ پر جگہ بنا لی ہے، امریکی میجر C-17 طیارے میں سوار ہونے والے آخری امریکی فوجی تھے جن کی تصویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے ٹوئٹر پر بھی میجرجنرل کرس ڈوناہو کی تصویر شئیر کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ یہ افغانستان چھوڑنے والے آخری امریکی فوجی ہیں جو طیارے میں سوار ہونے جارہے ہیں جس کے ساتھ ہی کابل میں امریکی مشن اختتام کو پہنچا۔
0 Comments